سندھ یونائیٹڈ پارٹی اور فنکشنل لیگ نے ملک میں جاری مہنگائی کی لہر کو حکومتی ناکامی قراردیتے ہوئے عوام سے حکومت کے خلاف میدان میں نکلنے کامطالبہ کردیا
یہ مطالبہ منگل کے روزنسیم نگر چوک قاسم آباد میں ایس یو پی حیدرآباد کے زیر اہتمام مہنگائی، بجلی،گیس، آٹے اورپیٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں و معاشی استحصال کے خلاف علامتی بھوک ہڑتالی میں کیاگیا۔
علامتی بھوک ہڑتالی کمیپ میں ایس یو پی کے سینئر نائب صدر روشن علی برڑو، سندھ صوفی فورم کے کنوینرو سابق اسپیشل اسٹنٹ وزیراعلٰی سندھ ڈاکٹر بدر چنہ، مسلم لیگ فنکشنل ضلع حیدرآباد کے جنرل سیکرٹری رفیق مگسی، انجمن تاجران سندھ قاسم آباد کے صدر محبوب ابڑو، تاجر برادی اور ایس یو پی اور فنکشنل لیگ کے رہنماوں، کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
کارکنان کی جانب سے موجود وفاقی حکومت اور مہنگائی کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔
علامتی بھوک ہڑتالی کمیپ سے سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے سینئر نائب صدر روشن علی برڑو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرپٹ پیپلز پارٹی اور پی ڈی ایم سرکار کی کارستانیوں سے ملک دیوالیہ ہوچکا ہے۔ بجلی، گیس، آٹے، پیٹرول سمیت دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتیں آسمان تک پہنچ گئی ہے۔ عوام مزید مہنگائی کا بوجھ برداشت نہیں کرسکتی۔پی ڈی ایم اور پیپلز پارٹی کی حکومت کا عوام سے کوئی سروکار نہیں، وہ صرف اپنی لوٹ مار کے کیسز ختم کرانے میں لگے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ نے ملک جن کے حوالے کیا انہوں نے سب کچھ تباہ کردیاہے، جو قوتیں ان کو لے کر آئی ہیں اب وہ ملک کی ان سے جان چھڑائیں۔
روشن برڑو نے کہا کہ سندھ یونائیٹڈ پارٹی نے ہمیشہ سیاست غریب عوام کے لیے کی ہے۔ ہم میدان میں نکلے ہیں عوام ساتھ دے۔ ایس یو پی نے عوام کودرپیش مہنگائی کے خلاف یہ احتجاج کیاہے، مہنگائی اس جگہ پہنچ چکی ہے کہ عوام کاجینا محال ہوچکاہے۔ہم اس جنگ میں عوام کیساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے خلاف سندھ یونائیٹڈ پارٹی کی جنگ جاری رہے گی۔
سندھ صوفی فورم کے کنوینرو سابق اسپیشل اسٹنٹ وزیراعلٰی سندھ ڈاکٹر بدر چنہ، مسلم لیگ فنکشنل ضلع حیدرآباد کے جنرل سیکرٹری رفیق مگسی، انجمن تاجران سندھ قاسم آباد کے صدر محبوب ابڑو و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس ظالم مہنگائی اور تباہی حکومت کے خلاف احتجاج میں بھرپور طریقہ سے شریک ہیں کیونکہ اب عوام اس کرپٹ مافیا سے آجز آ چکی ہے۔
رہنماوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر گیس،بجلی،پیٹرول اورآٹے کی قیمتوں میں ہونے والا اضافہ واپس لیا جائے اور آٹے کی قیمت 65 روپے فی کلو مقرر کی جائے