سندھ یونائیٹڈ پارٹی نے مہنگائی، بے روزگاری، بدامنی، کرپشن , بدعنوانی, معاشی تباہی کے خلاف سکھر سے کراچی تک پیدل مارچ کا اعلان کر دیا۔ پیپلز پارٹی کو سندھ کی تباہی کا زمہ دار قرار دیا گیا۔ یہ فیصلہ جامشورو میں پارٹی چیئرمین سید جلال محمود شاہ کی صدارت میں پارٹی سی ای بی کے اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں سید زین شاہ، روشن علی برڑو، آغا قمر مشوانی، جگدیش آوجا، امیر آزاد پھنور، امیر علی تھیبو، غلام مصطفیٰ چانڈیو، خوا جہ نوید، مختیار میمن و دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس کے فیصلوں کے بارے میں میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے صدر سید زین شاہ نے کہا کہ سندھ کی تباہی کی ذمہدار پیپلز پارٹی ہے۔ پیپلز پارٹی کی 15 سالوں سے خراب حکمرانی کی وجہ سے سندھ کی سیاسی، سماجی اور معاشی تباہی ہوئی ہے۔ پیپلز پارٹی نے مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی کی آگ میں سندھ کو جھونک دیا ہے۔ پیپلز پارٹی کی طرف سے جان بوجھ کر پیدا کئیے گئے سیلاب سے کڑوروں لوگ متاثر ہوئے ہیں، لاکھوں ایکڑ زرعی اراضی تباہ ہو گئی ہے۔ بیڈ گورننس کی وجہ سے سندھ کے ہر ادارے میں کرپشن اور بدعنوانی عروج پر ہے۔ سندھ کی زمینوں اور وسائل پر قبضہ کرکے سندھ میں منظم طریقے سے غیر ملکیوں کی آبادکاری کی گئی۔ پیپلز پارٹی نے سندھ کی وحدت اور ڈیموگرافی کو نقصان پہنچایا۔ ایس یو پی پیپلز پارٹی کے اس سندھ دشمن اقدام کے خلاف اور سندھ کی بحالی کے لیے 15 فروری 2023 سے 19 مارچ 2023 تک سکھر سے کراچی تک سندھ مارچ کے نام پیدل مارچ کا اعلان کرتی ہے۔ 19 مارچ کو کراچی میں مارچ کے اختتام پر بھرپور عوامی جلسہ کیا جائے گا۔ سید زین شاہ نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کے پہلے اور دوسرے مرحلے میں سندھ حکومت کی سرکاری مشینری کے ذریعے بدترین دھاندلی کی گئی۔ آر اوز اور ڈی آر اوز پیپلز پارٹی کے پیرول پر کام کرتے نظر آئے۔ الیکشن کمیشن کا رویہ مکمل طور پر جانبدارانہ تھا جو کہ انتہائی افسوسناک ہے۔ سندھ یونائیٹڈ پارٹی اس دھاندلی زدہ الیکشن کو یکسر مسترد کرتی ہے اور مطالبہ کرتی ہے کہ دوبارہ صاف اور شفاف بلدیاتی انتخابات کروائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ پشاور کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ سانحہ پشاور میں جاں بحق اور زخمی ہونے والوں کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔ریاست اور حکومت کی نااہلی کی وجہ سے دہشت گردی کے واقعات ہو رہے ہیں۔ سید زین شاہ نے کہا کہ سابق وفاقی وزیر اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید اور صحافی عمران ریاض کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ شیخ رشید کی گرفتاری اختیارات کے ناجائز استعمال اور سیاسی انتقام کی واضح مثال ہے۔ سیاسی مخالفین کی آواز کو دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ ملک پر مسلط کرپٹ حکومت فاشسٹ رویے کی علمبردار ہے۔ سیاسی رہنماؤں کی گرفتاریوں سے حکومت کی بوکھلاہٹ صاف نظر آرہی ہے۔ جمہوریت نظام میں ایسے ہتھکنڈے کسی بھی صورت میں ناقابل قبول ہے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ شیخ رشید اور صحافی عمران ریاض کو فوری رہا کیا جائے۔ انہوں نے کہا پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کے ساتھ مجرمانہ رویہ شرمناک ہے۔ سید زین شاہ نے کہا کہ غلط خارجہ اور داخلہ پالیسی کی بدولت آج ملک دہشت گردی کا شکار ہے۔ مہنگائی کی وجہ غلط معاشی پالیسی اور کرپشن ہے اور اس کی ذمہ دار موجودہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں صرف 3 ارب ڈالر بچے ہیں۔ ڈالر کی اڑان کی وجہ ڈالر کی افغانستان کے باڈر سے اسمگلنگ ہے۔ اگر ملک کو نہ سنبھالا گیا اور بر وقت ہنگامی اقدامات نہ کئیے گئے تو ملک کے سری لنکا سے بھی بدتر حالات ہو جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم اور پیپلز پارٹی کو این آر او دے دیا گیا یے۔ ملک کو بحران سے نکالنے کے لئیے سیاسی جماعتوں کو ایک ساتھ بھیٹنا پڑے گا۔