سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے صدر سید زین شاہ نے شہدائے کربلا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ظلم کے آگے سر نہ جھکانا، شہادتِ امام حسین کا سبق ہے۔ باطل پر فتح ہمیشہ حق اور سچ کی ہوتی ہے۔ شہدائے کربلا نے ظالمانہ نظام کے خاتمے اور حق کی خاطر باطل قوتوں کے خلاف ڈٹ جانے کا بے مثال درس دیا۔ انہوں نے کہا کہ محرم ہمیں نواسۂ رسولؐ،شہیدِ کربلا حضرت امام حسین اوران کے عظیم جاں نثاروں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے کربلا میں ظلم اور باطل نظام کے خلاف کلمۂ حق بلند کرتے ہوئے راہِ حق میں اپنی جانیں قربان کیں، سید زین شاہ نے کہا کہ نواسہ رسول ؐ حضرت امام حسین ؑ اور اُن کے عظیم رفقاء نے میدانِ کربلا میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے سبق دیا کہ نظریہ اور مقصد کے سامنے کسی چیز کی اہمیت نہیں ہے۔ حضرت امام حسین کی شہادت ہمیں حق کی راہ میں قربان ہو جانے کی ترغیب دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ میں وہی قومیں اپنا وجود درج کراتی ہیں جو زندہ دل، شجاعت اور جانثار ہوتی ہیں۔